لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تحریک انصاف رائے ونڈ میں مقررہ تاریخ کو جلسہ کرنے کے لیے آزاد ہے،تاہم دونوں فریقین طے شدہ ضابطہ اخلاق پر عملداری کو یقین بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کو رائے ونڈ میں جلسہ کرنے سے روکنے کے لیے درخواستوں کی سماعت ہوئی،کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے قائم مقام چیف جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں کی جس نے متفقہ طور پر تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے رائے ونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے ،کسی بھی شخص یا جماعت کا احتجاج کرنا بنیادی حق ہے جسے روکا نہیں جا سکتا اس لیے جلسہ شروع ہونے سے ختم ہونے تک کارکنوں کو اکٹھا اور منتشر ہونے کا موقع فراہم کیا جائے اور جلسے کے شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
فیصلے میں تحریک انصاف سے کہا گیا ہے کہ کارکنان کو نظم و ضبط کی پابندی کا پابند بناتے ہوئے جلسے میں ایسے اشتعال انگیز یا قابل اعتراض بیان بازی سے پرہیز کیا جائے جس سے انتشار کا خدشہ ہو اور امن وامان کی صورت حال بگڑ جائے۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ تحریک انصاف اور متعلقہ ڈی سی او کے درمیان طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر عملدار کو دونوں جانب سے یقینی بنایا جائے۔