لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو درخت کاٹنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون الرشید نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے درختوں کی کٹائی کے خلاف درخواست پر عبوری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت عالیہ نے صوبائی حکومت کو درختوں کی کٹائی سے روکنے کے ساتھ ساتھ کٹے ہوئے درخت بھی اٹھانے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے درختوں کی کٹائی کے خلاف درخواست بھی سماعت کیلئے منظور کرلی، عدالت عالیہ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 17 فروری تک جواب طلب کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے درختوں کی کٹائی کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست گزار ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ صوبائی حکومت شہر میں درختوں کی کٹائی کررہی ہے، ایک جانب وزیر اعظم پاکستان کی جانب شجر کاری مہم چلائی جارہی ہے اور صوبائی حکومت درختوں کی کٹائی کررہی ہے۔
ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ صوبائی حکومت کو درختوں کی کٹائی سے روکا جائے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی مہم کی شان دار کام یابی کے بعد آیندہ پانچ برسوں میں دس ارب درخت لگانے کے پروگرام کا بھی اعلان کر دیا تھا۔