لاہور : پنجاب حکومت نے لاہور ہائی کورٹ میں شریف خاندان کی شوگر ملز کی غیر قانونی منتقلی کااعتراف کرلیا، عدالت نے فیصلے تک کرشنگ بند رکھنے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں شریف خاندان کی شوگر ملوں کی منتقلی کیس کی سماعت ہوئی، پنجاب حکومت نے ملوں کی غیر قانونی منتقلی کا اعتراف کرلیا ہے۔
دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ پابندی کے باوجود ملوں کو منتقل کیا گیا جو غیر قانونی عمل ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ فیصلے تک ملوں میں کرشنگ بند رہے گی۔
عدالت نے سماعت چوبیس فروری تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو مزید دلائل کے لیے طلب کر لیا۔
مزید پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ نے بھی شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز کو کرشنگ سے روک دیا
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی تینوں شوگر ملزکو کرشنگ سے روک دیا تھا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے وکیل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کرشنگ ہوئی تو ذمے داری آپ پر عائد ہوگی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے شریف فیملی کی تین شوگر ملوں کی دوسرے اضلاع میں منتقلی کے خلاف اپیل سماعت کے لیے ہائیکورٹ کو بھجوائی تھی جبکہ سپریم کورٹ کی جانب سے ان شوگر ملز پر ایک ہفتے کے لئے کرشنگ بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔