لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا، فیصلہ اسموگ میں کمی کے لیے کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر کردہ کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے فصلوں کی باقیات جلائے جانے کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ لاہور کے گرد و نواح میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
عدالت نے کہا کہ اسموگ کے تدارک میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسموگ کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے مگر ادارے اس کے تدارک کے لیے عملی اقدامات نہیں کر رہے۔ عدالت حکم دے کہ اسموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔