لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز کو سیل کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ڈیپارٹمنٹل اسٹورز پر پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے ابوذر سلمان خان نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز شاپنگ بیگز استعمال کر رہے ہیں، صارفین واویلا کرتے ہیں کہ شاپنگ بیگ کے بغیر چیزیں کیسے لے کر جائیں۔
عدالت نے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے اسٹورز کو سیل کرنے کا حکم دے دیا، پلاسٹک کی بوتلوں میں پانی کی فروخت پر کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔
عدالت نے مشہور بیکریوں اور اسٹورز کو بھی سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیکری مالکان اگر پلاسٹک بیگز پر بیان حلفی دیں تو انہیں 7 روز کا وقت دیا جائے۔
جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ ماحول کا خیال نہ رکھنے والوں کو کاروبار سے نکال دیا جائے، دنیا بھر میں پلاسٹک بوتل میں پانی بیچنا ترک کیا جا چکا ہے۔ پوری دنیا میں اب پانی شیشے کی بوتلوں میں بیچا جا رہا ہے، پلاسٹک بوتلوں میں پانی بیچنے والے یونٹس بڑے مجرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ریسٹورنٹس اور بیکریوں کو بھی قانون کے دائر میں لایا جائے گا، عدالت نے ماحول دشمن اشیا کا خاتمہ کروانا ہے، جب تک ہم خود اپنا رویہ تبدیل نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہوگا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔