لاہور: پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شہری کو عدالت سے ایک طرح سے عارضی ریلیف مل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہر کی سزا کے خلاف اپیل پر مجرم کے وکیل کو تیاری کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے غلام حسین کی اپیل پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میانوالی عدالت نے حقائق کے برعکس 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
وکیل نے بتایا کہ غلام حسین کے خلاف مقدمہ بدنیتی پر درج کیا گیا تھا، ان کی پہلی بیوی نے شادی کی اجازت دے دی تھی، لیکن بعد میں اچانک مقدمہ درج کروا دیا۔
پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان کے مؤکل کی سزا کالعدم قرار دے۔
دوران سماعت غلام حسین کے وکیل نے کہا کہ میں عدالت کو بغیر اجازت دوسری شادی کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ جات سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں، جس کے لیے عدالت تیاری کی مزید مہلت دے۔
عدالت نے ملزم کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ ملزم کو میانوالی عدالت نے 6 ماہ قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔