لاہور: کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کر کے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے بڑے اسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا۔
پنجاب حکومت نے ایکسپو فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 کو کرونا مریضوں کے لیے فوری فعال کردیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکپسو فیلڈ اسپتال میں 300 بستروں پر ہائی ڈپنڈینسی یونٹ تیار کردیے گئے ہیں، آکسیجن کی کمی کا سامنے کرنے والے مریض فیلڈ اسپتال میں داخل ہوں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے 4 بڑے اسپتالوں کو بھی ہائی ڈپنڈینسی یونٹس اور آئی سی یو مکمل فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ میو اسپتال، سروسز اسپتال، جناح اسپتال اور لاہور جنرل اسپتال کو کرونا کیسز کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 44 افراد انتقال کر گئے۔
مزید 44 ہلاکتوں کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 303 ہوچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے مزید 3 ہزار 119 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 52 ہزار 359 ہے، جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 529 ہوگئی۔