لاہور کے اچھرہ بازار میں چند روز قبل عربی خطاطی والا لباس پہنی خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق چند نامزد اور متعدد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ درج کرنے کے بعد ایف آئی آر سیل کر دی گئی۔
چند روز قبل اچھرہ بازار میں عربی خطاطی والا لباس پہنی خاتون کو شر پسندوں نے یہ کہہ کر گھیر لیا تھا کہ وہ توہینِ مذہب کی مرتکب ہوئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع پر پنجاب پولیس کی بہادر افسر شہربانو نقوی نہ صرف موقع پر پہنچی تھیں بلکہ صورتحال کو قابو کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت ہجوم سے نکالا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مشتعل ہجوم نے عربی خطاطی والا لباس پہنی خاتون کو گھیر رکھا تھا، لوگوں نے خاتون پر تشدد کی کوشش کی تھی تاہم خاتون نے جان بچاتے ہوئے ایک دکان میں پناہ لی تھی۔
بہادر خاتون پولیس افسر ہجوم کے سامنے ڈٹ گئی تھیں اور متاثرہ خاتون کو بچا لیا تھا۔ تب سے سوشل میڈیا پر شہربانو نقوی کی بہادری کے چرچے ہیں۔