لاہور میں پسند کی شادی کرنے کی رنجش پر بھائیوں نے بہن اور بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں پسند کی شادی کرنے کی رنجش پر بھائیوں نے بہن اور بہنوئی پر گولیاں برسا کر ان کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھائیوں نے بہن اور بہنوئی کو دھوکے سے بلا کر ان پر فائرنگ کردی۔
پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے لاشیں اسپتال منتقل کردیں۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت رفعت بی بی اور محمود کے نام سے ہوئی ہے، دو سال قبل رفعت بی بی نے محمود سے پسند کی شادی کی تھی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور میں معمولی تلخ کلامی پر بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آیا تھا، بھائی نے معمولی تلخ کلامی پر بہن پرفائرنگ کی جس سے 24 سالہ زرقا زخمی ہو گئی تھی۔
لڑکی کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گئی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کا بتانا تھا کہ مقتولہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔