لاہور : شاہ دی کھوئی جوہر ٹاؤن میں شیر کے شہریوں پر حملے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فارم ہاؤس سے نکل کر شہریوں پر حملہ کرنے والے شیر کے مالک سمیت تین ملزمان کو دھر لیا گیا ، گرفتار ہونے والوں میں ملک اعظم عرف شانی، اس کا بیٹا بہرام اور بھائی ملک ناظم شامل ہیں۔
وائلڈ لائف حکام نے شیر کو تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے، ملک اعظم نے شیر کو اپنے دوست کے ڈیرے پر چھپا رکھا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے قیصر باجوہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے ، مقدمے میں وائلڈ لائف ایکٹ، اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملک شانی نے دو ماہ قبل شیر لیا تھا اور ملزم کے پاس شیر رکھنے کا لائسنس بھی نہیں ہے۔
گزشتہ روز جوہرٹاؤن میں فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگ کر شیر سڑک پر آگیا تھا، شیر کے حملے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق اعظم عرف شانی نے گھر میں شیر رکھا ہوا تھا جو پنجرہ کھلا ہونے پر دیوار پھلانگ کر گلی میں آگیا تھا۔
مزید پڑھیں : لاہور میں شیر کا شہریوں پر خوفناک حملہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی
وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص بغیر لائسنس شیر کو اپنےپاس نہیں رکھ سکتا، غیر قانونی اور بلا لائسنس شیر کو رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہے، غیر قانونی طورپرشیرپالنےکی سزا7 سال،50لاکھ روپے جرمانہ ہے۔
بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کسی کا شوق شہریوں کی جان کےلیےخطرہ بنے یہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔