پنجاب کے شہر پتوکی میں ناراض بیوی کو منانے کیلئے آنے والے شوہر کی سسرالیوں نے ٹانگ توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے ناراض بیوی کو منانے کیلئے آنے والے شوہر کو سسرالیوں نے تشدد کا نشانہ بناکر ٹانگ توڑ دی ساتھ ہی بھائی کے ساتھ آنے والی بہنوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
تھانہ سرائے مغل پولیس نے 13 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدمے کے متن کے مطابق سرائے مغل میں شوہر غضنفر اقبال اپنی بہنوں کے ہمراہ بیوی کو منانے آیا تھا۔
غضنفر اقبال نے پولیس کو بتایا کہ سسرالیوں نے ہم پر تشدد کیا میری ٹانگ کی ہڈی ٹوٹی، ہاتھ کا انگوٹھا بھی فیکچر ہوا ہے، میرے سسرالیوں نے میرے بھائی اور بہنوں پر بھی تشدد کیا ہے۔
یاد رہے کہ نومبر 2024 میں جیکب آباد میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں سسرالیوں نے داماد پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے باعث نوجوان جھلس گیا اور بعدازاں اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا تھا۔