لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں نے کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی خلاف ورزی پر بیرون ملک سے آئے پاکستانی سراپا احتجاج بن گئے۔
ذرائع کے مطابق بیرون ممالک سے آئے پاکستانیوں کا ہوٹل انتظامیہ سے جھگڑا ہوا، اوورسیز پاکستانیوں نے کرونا ٹیسٹ رپورٹس نہ ملنے پر احتجاج کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے 48 گھنٹوں میں کرونا ٹیسٹ رپورٹس دینے کی ہدایت کی تھی، وزیراعظم کے ہدایت کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کو رپورٹس نہیں دی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں فوری گھر بھیج دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت اور ہوٹل انتظامیہ کی ملی بھگت سے رپورٹس جان بوجھ کر دیر سے بھیجی جاتی ہے تاکہ ہوٹل کے کمروں کا کرایہ زیادہ سے زیادہ وصول کیا جاسکے۔
دوسری جانب کرونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ تاخیر سے ملنے کی ایک وجہ پنجاب حکومت کا سسٹم سست روی کا شکار ہونا بھی بتایا گیا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ سے جھگڑے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے رشتے داروں سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے 5 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ افسران کو ہوٹل پہنچ کر تمام انتظامات دیکھنے کی ہدایت کردی۔