لاہور: مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، شہری قیمتی سامان سے محروم ہوگئے، پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا، روز مرہ کی بڑھتی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔
لاہور پولیس کی خاموشی اور ڈاکوﺅں کی پھرتیوں نے شہریوں کو غیر محفوظ بنا دیا۔ مصری شاہ، شاد باغ، اقبال ٹاﺅن سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ڈاکوﺅں نے دکانوں کا صفایا کیا تو کہیں اہم شاہراہوں پر شہریوں کو ان کی قیمتی چیزوں سے محروم کر دیا۔
ڈاکوﺅں کے شر سے گھر بھی محفوظ نہ رہے ۔ڈیفنس ڈبل ایکس بلاک کے ایک گھر کے اندر سے ڈاکوﺅں نے گاڑی چرائی اور سکون سے چلتے بنے۔
دوسری جانب اچھرہ، جوہر ٹاﺅن اور ای ایم ای سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں کے گھروں میں بھی وارداتیں عروج پر رہیں۔ رواں ماہ ڈکیتی کی سو سے زائد وارداتوں میں سی سی ٹی وی فوٹیج ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔