پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کا دارالخلافہ لاہور ملک کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے اور اس کا ایئر کوالٹی انڈیکس 241 ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، لاہور میں رواں ماہ سے ہی اسموگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور آئندہ چند روز تک اسموگ میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان ہے۔
ملک کے آلودہ ترین شہروں میں فیصل آباد 230 ایئر کوالٹی انڈیکس کےساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ کراچی میں آج ایئر کوالٹی انڈیکس 117 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اسموگ کے باعث شہریوں نے سانس لینے میں دقت اور آنکھوں میں جلن کی شکایات کی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا تھا جب کہ دہلی دوسرے نمبر پر موجود تھا، اس وقت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 265 رہا تھا۔
عالمی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔