لاہور: پب جی کھیلنے والے ملزم رانا بلال کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی ضلعی کچہری میں پب جی کھیلنے والے ملزم کے ہاتھوں 4 افراد کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم رانا بلال کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں قتل کا مقدمہ درج ہے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے بھائی، بہن، بھابھی، اور ایک دوست قتل ہوا، اس سلسلے میں ملزم سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے، ملزم سے آلہ قتل کی برآمدگی بھی ہو چکی ہے، اس لیے عدالت ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم رانا بلال کو جوڈیشل ریمانڈ پر جھیل بھجوانے کا حکم جاری کر دیا۔
پب جی کھیلنے سے روکنے پر 4 افراد قتل، ملزم کی ویڈیو منظرعام پر آگئی
یاد رہے کہ 5 اپریل کو لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں پب جی گیم کھیلنے کے شوقین اور نشے کے عادی بلال نے فائرنگ کر کے بھائی، بھابھی، بہن اور دوست کو قتل کر دیا تھا، گولیاں لگنے سے اس کی والدہ بھی شدید زخمی ہو گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا سکندریہ کالونی کا رہائشی بلال اکثر موبائل پر پب جی گیم کھیلتا تھا، جس پر اس کی اہلیہ ناراض ہو کر میکے چلی گئی، واقعے والے دن اس کا والدہ کے ساتھ جھگڑا ہو گیا، جس پر بلال نے اندھا دھند فائرنگ کر کے بھابھی، بہن اور گلی میں کھڑے دوست کو قتل کر دیا، جب کہ زخمی بھائی بعد میں دم توڑ گیا، اور والدہ زخمی ہو گئیں۔