پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

فخر اور ڈنک نے قلندرز کو کامیابی دلوادی، کراچی کنگز کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی ایس ایل 6 کے 11ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے 11ویں میچ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 187 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فخر زمان اور بینک ڈنک نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

- Advertisement -

فخر زمان نے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، بین ڈنک 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ ویزے 9 گیندوں پر 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سہیل اختر اور جو ڈینلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، وقاص مقصود اور ڈینئل کرسٹن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

قبل ازیں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیاتھا، شرجیل خان اور محمد نبی نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

شرجیل خان نے 39 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 بلند و بالا چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ محمد نبی کی 57 رنز کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

بابر اعظم 5 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا نشانہ بنے، کپتان عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جو کلارک 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ کولن اگرام کو صفر پر احمد دانیال نے بولڈ کیا، ڈینئل کرسٹن 27 رنز بناسکے۔

وقاص مقصود نے 12 رنز بنائے جبکہ محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حارث رؤف، احمد دانیال اور سمٹ پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، دونوں ٹیموں میں ایک تبدیلی کی گئی۔

کراچی کنگز میں  عامر یامین کی جگہ محمد الیاس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز نے سلمان مرزا کی جگہ ذیشان اشرف کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ  وکٹ اچھی ہے کوشش کریں گے لاہور قلندرز کا بڑا ہدف دیں جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان  سہیل اختر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کراچی کنگز کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کریں۔

پی ایس ایل 6 میں دونوں ٹیموں نے تین، تین میچز کھیلے ہیں ، دونوں ٹیموں نے دو میچز میں کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کا لاہور قلندرز کے خلاف پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کےدرمیان گیارہ میچ ہوئے سات میں کراچی نے میدان مارا اور تین میچز لاہور نےجیتے، ایک میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں