جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

لاہور قلندرز فائنل میں پہنچ گئی، ملتان سلطانز کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی ایس ایل فائیو کے دوسرے ایلیمینٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمینٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں 17 نومبر کو فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔

ملتان سلطانز کی ٹیم 183 رنز کے تعاقب میں 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لیتھ کی نصف سنچری بھی ملتان سلطانز کو شکست سے نہ بچاسکی۔

- Advertisement -

اوپنر ذیشان اشرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیتھ نے 50 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود 27 رنز بنا کر دلبر حسین کا نشانہ بنے، روی بوپارہ ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

شاہد آفریدی کو صفر پر حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا، سہیل تنویر تین رنز بناسکے، خوشدل شاہ 30 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔

حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور دلبر حسین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل پی ایس ایل فائیو کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیاتھا ، ڈیوڈ ویزے نے 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔

اوپنر فخر زمان نے 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تمیم اقبال 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان سہیل اختر صرف 5 رنز بنا کر محمد الیاس کا نشانہ بنے۔

محمد حفیظ 19 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر لیتھ کو کیچ دے بیٹھے، بین ڈنک 3 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا، سمٹ پٹیل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ویزے نے 48  رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

شاہد آفریدی نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جنید خان ، سہیل تنویراور محمد الیاس ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں  پی ایس ایل فائیو کے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کو دیکھتے ہوئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، کوشش کریں گے لاہور کو کم رنز پر آؤٹ کریں۔

شان مسعود نے کہا کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ اچھا کھیلا تھا بدقسمتی سے سپر اوور میں شکست ہوئی۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے گزشتہ میچ کی طرح کھیلیں اور جیتیں، 160 سے 170 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اسکواڈ

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں