پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

لاہور قلندرز نے ہاری بازی جیت لی، یونائیٹڈ کو شکست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی ایس ایل 7 کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی، زمان خان کو آخری اوور میں شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 175 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔

- Advertisement -

کولن منرو کی 60 اور کپتان شاداب خان کی 52 رنز کی اننگز بھی یونائیٹڈ کو شکست سے نہ بچاسکی، اوپنرز پال اسٹرلنگ 14 اور الیکس ہیلز 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آصف علی 14 رنز بنا کر زمان خان کا نشانہ بنے، اعظم خان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان نے آخری اوور میں 12 رنز نہ بننے دیے، زمان نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کپتان شاہین آفریدی اور راشد خان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہیری بروک نے 37 اور فخر زمان نے 38 رنز بنائے۔

یونائیٹڈ کے شاداب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر وقاص مقصود نے بھی 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میں سے 2 میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ لاہور قلندر بھی اسی صورتحال کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

گزشتہ روز کے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 9 رنز سے شکست دی تھی، گزشتہ روز کے میچ میں شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں