لاہور: پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہار تو ہار ہے اس کو تسلیم کرنا ہی فتح کی جانب بڑھنے کا راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کے بعد لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے، کسی کو الزام نہیں دوں گا، مجموعی طور پر ہم اچھا نہیں کھیل سکے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ شائقین کے شکر گزار ہیں وہ بڑی تعداد میں میدان میں آئے، ہمیں 170 سے 180 رنز بنانا چاہئے تھے۔
مزید پڑھیں: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 139 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
لاہور قلندرز کے کرس لین کے 39 رنز کے سوا کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا تھا، محمد حفیظ 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
یاد رہے کہ سہ پہر میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 رنز سے شکست دی تھی، بابر اعظم کو 78 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔