منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

نیشنل میوزیم آف سائنس اینڈٹیکنالوجی میں طلبہ کے لیے ورکشاپ کا انعقاد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: نیشنل میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ’ لاہور سائنس میلہ ‘ کے حوالے سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق طالب علموں کو سائنس کی جانب راغب کرنے کے لیے ایک روزہ سائنس مینٹور شپ ورک شاپ کا انعقاد اسکول ایجوکیشن سسٹم پنجاب اور اور خوارزمی سائنس سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔ اس ورکشاپ کا مقصد آئندہ ماہ ہونے والے لاہورسائنس میلہ نامی ایونٹ میں پنجاب کے تمام اضلا ع سے ٹیموں کی شرکت یقینی بنانا ہے۔

ورکشاپ میں کل 36 ٹیمز سے تعلق رکھنے والے نوجوان سائنس داں اورسائنس کے اساتذہ نے شرکت کی ، جنہیں خوارزمی سائنس سوسائٹی نے لاہور سائنس میلہ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔

- Advertisement -

ورکشاپ میں ڈاکٹر حرا خالد، لالہ رخ اور ڈاکٹر مصطفےٰ نے شرکاء کو سائنس کمیونی کیشن کی تکنیک، مشاہداتی عمل اور اسے عوام کے سامنے پیش کرنے کے طریقے سے متعلق بریفنگ دی۔ اس ورکشاپ سے شرکاء کو آئندہ ماہ 12 اور 13 اکتوبر کو منعقد ہونے والے سائنس میلے میں اپنی ٹیم کی شرکت بھرپور انداز میں کرنے اور سائنس پراجیکٹس تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

لاہور سائنس میلہ کا انعقاد گزشتہ دو برس سے کیا جارہا ہے اور اس میلےمیں سائنس اور ٹیکنالوجی کی حیرت انگیز نمائشوں اور تجربات کے ذریعے طلبہ و طالبات کو سائنس بطور شعبہ اختیار کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

گزشتہ برس اس ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ مختلف ممالک سے بھی سائنس داں آئے اور میلے میں شرکت کی؛ بیرونِ ملک سے آنے والے سائنس دانوں میں خانہِ ریاضیات ، اصفہان سے شرارہ دستجردی اور بوسٹن یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد حامد زمان شامل تھے۔

میلے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ ہمارے ابھرتے ہوئے سائنس دانوں کو اپنی ایجادات کو منظرِعام پر لانے کا موقع دے گا۔ انسان چاہے عمر کے کسی بھی حصے میں ہو، اس کے اندر کا تجسس نہیں مرتا۔بالکل اسی جذبے کو بانٹنے کے لیے ہم ہر طبقے اور ہر عمر کے لوگوں کو اس میلے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

خوارزمی سائنس سوسائٹی کے سربراہ ڈاکٹر صبیح جو کہ آکسفورڈ یونی ورسٹی سے طبعیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حامل ہیں ‘ ان کا ماننا ہے کہ سائنسی ایجادات معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور خوارزمی سائنس سوسائٹی عملی سائنس کی تشہیر کے ذریعے معاشرے کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں