اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

لاہور: احاطہ عدالت میں فائرنگ، قتل کا ملزم اورپولیس اہلکار ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وکیل کے روپ میں عدالت آنے والے قاتلوں نے دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا، ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں دن دھاڑے گولیاں چل گئیں، ایک ملزم اورایک پولیس اہلکارجان سے گئے، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.

وکیل کے بھیس میں آنے والے دوافراد نے جج کے کمرے کے باہر قتل کے الزام میں زیرحراست ملزم امجد گجر کو گولیاں ماردیں، امجد گجر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی چل بسا، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکارآصف بھی جاں بحق ہوگیا.

اس موقع پر ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، پولیس کی فائرنگ سے بھی لاہورکی سیشن عدالت گونجتی رہی، فائرنگ کے بعد دونوں ملزمان عدالت کےاحاطے میں ہی چھپ گئے جنہیں پولیس لاکھ کوشش کے باوجود تلاش نہ کر سکی.

واضح رہے کہ ملزم امجد گجر کو اپنے چچا کے قتل کےالزام میں پیشی پر عدالت لایا گیا تھا، اسے گولی مارنے والا کوئی اورنہیں بلکہ اسی کا چچازاد بھائی توقیرتھا۔

خاندانی دشمنی میں پہلے ایک شخص مارا گیا اور اب دوسرا بھی قتل کردیا گیا۔ پولیس اصل ملزمان تو نہ پکڑ سکی لیکن سہولت کاری کے شبہ میں دو افراد دھر لئے۔

واقعے کے بعد لاہور میں ماتحت عدالتوں کی سیکورٹی کا پول کھل گیا ہے، احاطہ عدالت میں نصب واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈی ٹیکٹربھی خراب نکلے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر تلاشی کے آلات خراب تھے تو کورٹ کے باہر چوکی پر چیکنگ کیوں نہیں کی گئی؟ کسی اہلکار نے تلاشی کی زحمت کیوں نہیں کی؟

کالےکوٹ والے تو عدالت میں بغیر تلاشی داخل ہوتے ہیں شاید اسی لیے فائرنگ کرنے والوں نے بھی وکیلوں کا روپ دھارا ہوا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں