لاہور: لاہور کے علاقے کاہنہ نو امتحانی سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ سے انٹرمیڈیٹ کے حل شدہ پرچے چھین کر آگ لگائے جانے کے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ نو کے امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ انٹرمیڈیٹ کے حل شدہ پرچے بینک میں جمع کرانے جا رہے تھے، کہ راستے میں حملہ آوروں نے ان سے پرچے چھین کر انھیں نذر آتش کر دیا۔
اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے سپرنٹنڈنٹ کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگائی ہے، جب کہ ادھ جلے پرچے فٹ پاتھ پر بکھرے پڑے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان پرچے چھین کر انھیں آگ لگانے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
نذر آتش ہونے والے پرچوں کو سپرنٹنڈنٹ مایوسی کے ساتھ بچانے کی کوشش بھی کرتے نظر آتے ہیں، انھوں نے ہاتھ سے آگ بجھانے کی کوشش کی، اور پرچوں کو مکمل جلنے سے بچایا۔
صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین لاہور بورڈ کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔