تازہ ترین

لاہور میں اسموگ: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ طلب

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر، عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی جبکہ 16 جون کو تمام محکموں سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے وکیل کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے، ڈی جی ایل ڈی اے خود تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ بڑی عمارتوں کی چھت پر شجر کاری نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ شہر میں املتاس کے پودے کافی نظر آرہے ہیں، پودے لگانے کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟

عدالت کو بتایا گیا کہ اسکول اور کالجز میں پودے اور نئے درخت لگائے جارہے ہیں۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ روز گارڈن پارک میں تعمیرات کی جارہی ہیں، ایک پارک کی 17 کنال جگہ پر قبضہ مافیا قابض ہے، درخواستیں دینے کے باوجود ایل ڈی اے نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

عدالت نے کہا کہ یہ عدالت کا حکم ہے ایل ڈی اے اس پر کارروائی کرے، عدالت نے ایل ڈی اے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔

Comments

- Advertisement -