طوفان کے زد میں آنےوالے طیارے کی کراچی لینڈنگ کے بعد مسافروں نے ہوائی جہاز میں پیش آنے والی صورتحال کے بارے میں بتایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز شدید طوفان کی زد میں آگئی تھی، کراچی میں بحفاظت لینڈنگ کے بعد طیارے کے ایک مسافر نے بتایا کہ لاہور کی فضا میں طوفان کے سبب پرواز کو 5 مرتبہ خوفناک جھٹکے لگے۔
لاہور میں طوفان کی زد میں آکر واپس کراچی پہنچنے والی پرواز کے 57 مسافر جہاز سے بحفاظت اترگئے ہیں، تاہم اب نجی ایئرلائن کی پرواز کے کراچی اترتے ہی بیشتر مسافروں نے مزید سفر سے انکار کردیا ہے۔
مسافر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پرواز ایف ایل 842 کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران بھی جھٹکے لگے، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ منسوخ کرکے پائلٹ طیارہ کراچی واپس لے آیا۔
موسم ٹھیک ہونے پر ری فیولنگ کے بعد طیارہ لاہور واپس روانگی کیلئے تیار تھا تاہم مسافروں نے طیارے میں سفر کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ مسافروں کے مزید سفر سے انکار کے باعث پرواز کی روانگی میں تاخیر ہورہی ہے، پرواز ایف ایل 842 دوگھنٹے گزرنے کے باوجود کراچی سے لاہور کیلئےروانہ نہیں ہوسکی۔