لاہور: امتحانی سنٹر میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کے پی ایس او کا بیٹا گاڑی میں بیٹھ کر پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑا گیا، سنٹر کاعملہ بھی طالب علم کی سرپرستی میں ملوث نکلا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے رائیونڈ روڈ کے مختلف امتحانی سنٹرز میں چھاپہ مارا۔
اس دوران وزیر تعلیم نے گورنمٹ بوائزہائی اسکول علی رضا آباد میں بوٹی مافیا نیٹ ورک پکڑلیا اور بتایا کہ امتحانی سنٹر میں طالب علم ابوبکرہاشمی گاڑی میں بیٹھ کر پرچہ حل کررہا تھا اور سنٹرکاعملہ بھی امیدوارکی سرپرستی میں ملوث نکلا۔
انھوں نے کہا کہ امیدوار نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کے پی ایس او عمران ہاشمی کا بیٹا ہے جس کی گاڑی سنٹر کے اندر آ کر بچے کو پیپر حل کرواتی تھی۔
وزیر تعلیم پنجاب نے پرنسپل سمیت سنٹر کا پورا عملہ گرفتار و تبدیل کروا دیا اور ملوث عملے کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا۔
رانا سکندر حیات نے پیڈا ایکٹ اور ملازمت سے برخاست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مخبری کرنے والے ٹیچر کو 4 بیسک تنخواہ اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شخصیت طاقتور ہو یا کمزور، بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالیرنس ہے، اس ضمن میں کسی طالبعلم کو کسی کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نقل مافیا کا آخر تک پیچھا کریں گے۔