لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ یوحنا آباد میں خالد نگر کی حدود میں پیش آیا۔
امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبی خاتون 32 سالہ آمنہ، 9 سالہ رمشا اور 7 سالہ آکاش کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
مزید پڑھیں: لاہور میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بچے جاں بحق
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ آمنہ اور ان کے دو بچے گھر پر موجود تھے جبکہ ان کا شوہر باہر گیا ہوا تھا، تینوں میتوں کو جنرل اسپتال سے یوحنا آباد میں واقعہ چرچ پہنچا دیا گیا۔