لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت 29 سالہ رئیسہ مسعود کے نام سے ہوئی ہے، خاتون لاہور کے علاقے نیو گارڈن ٹاؤن کی رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علاقے گلبرگ میں خاتون نے ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کی اور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
مزید پڑھیں: خاتون نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑادیں، ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی اور دھمکیاں
خاتون کی جانب سے غلط جگہ گاڑی پارک کرنے پر وارڈن نے اسے آگاہ کیا اور کار ہٹانے کو کہا تھا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی۔
خاتون ڈرائیور کو یہ ہدایت بری لگ گئی اور وہ آپے سے باہر ہوکر ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کرنے لگی۔ اس دوران خاتون نے وارڈن سے وائر لیس سیٹ بھی چھیننے کی کوشش کی تھی۔