شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لائبہ خان کا کہنا ہے کہ جتنا بول رہی ہوں شادی نہیں ہورہی اب سوچ رہی ہوں شادی کی بات کرنا ہی چھوڑ دوں۔
اداکارہ لائبہ خان نے حال ہی میں فریدون شہریار کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شوبز کیریئر، محبت اور شادی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں خود کو سنجیدہ لینا بہت ضروری ہے، لوگوں کو لگتا ہے کہ نام، فیم، پیسہ سب کچھ ہے لیکن ہم اپنی نجی اور پروفیشنل زندگی میں بہت سی چیزوں سے گزر رہے ہوتے ہیں جس سے دماغی صحت متاثر ہوتی ہے، بہت سے اداکاروں کے بارے میں بھی سنتے ہیں اس لیے خود کو فوکس رکھیں اور کام سے گھر اور گھر سے کام پر دھیان دیں۔
اداکارہ نے کہا کہ پہلے ایسا لگتا تھا کہ محبت خواب کی طرح ہوتی ہے لیکن پریکٹیکل ہوکر سوچا جائے تو محبت کرنا آسان ہے نبھانا بہت مشکل ہے، قربانیاں دینی پڑتی ہیں اور دل کو بہت بڑا کرنا پڑتا ہے۔
لائبہ خان نے کہا کہ میری نظر میں لڑکے چاہے دکھنے میں اچھا نہ ہو لیکن عزت کرنے والا ہونا چاہیے، پیار کسی سے بھی ہوجائے گا لیکن میں اگر ایک شخص کی عزت کرتی ہوں تو اس کا دل دکھانے سے ڈروں گی، خدا کا خوف ہوگا۔ پیار ختم ہوجاتا ہے اگر عزت ہے تو محبت کبھی ختم نہیں ہوتی۔
اداکارہ نے کہا کہ جہاں بھی آج میں ہوں اپنی والدہ کی وجہ سے ہوں کیونکہ میں ایک ایسی بچی تھی جو امی کے پیچھے چھپی رہتی تھی مجھ میں اعتماد نہیں تھا کہ کسی لڑکی سے بھی بات کروں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکا مجھ سے پیار کرے گا اور میری والدہ کی عزت نہیں کرے گا تو ایسے پیار کا کوئی فائدہ نہیں ہے، وہ والدہ کی عزت کرے گا تو میرے لیے اتنا ہی کافی ہے۔