شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لائبہ خان کا کہنا ہے کہ اب شادی کرکے سیٹل ہونا چاہتی ہوں۔
اداکارہ لائبہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے نجی زندگی اور شوبز کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب شوبز میں کام شروع کیا تھا تب ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ انڈسٹری میں پانچ سال کام کروں گی اور پھر اسے چھوڑ دوں گی۔
لائبہ خان نے کہ اب مجھے اداکاری کرتے ہوئے پانچ سال ہوگئے ہیں اور کسی بھی وقت شوبز چھوڑ کر جاسکتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ اب شادی کرکے سیٹل ہونا چاہتی ہوں اور ایسے شخص سے شادی کرنا چاہوں گی جو خود بھی میری عزت کرے اور اپنے گھر والوں سے بھی کروائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں خوبصورتی متاثر کرتی تھی لیکن اب پتا چل گیا ہے کہ شادی کرنے کے لیے صرف خوبصورتی کا ہونا کافی نہیں۔
یہ پڑھیں: فلم اور ویب سیریز پر تبصرے اور تجزیے
لائبہ خان نے کہا کہ اگر میں کسی کو پسند نہیں کرتی تو اس کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں رکھوں گی، نفرت بھی ایک طرح کا رشتہ ہی ہوتا ہے اس لیے میں کسی سے نفرت کی قائل نہیں ہوں۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں لائبہ خان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے شروعات میں سوشل میڈیا پر میری شادی کی افواہیں پھیل گئی تھیں جس کی وجہ سے میرے والد بہت پریشان ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب یا کسی دوسرے عرب ملک کے شہری سے شادی کرلی ہے اور مذکورہ شخص پہلے سے شادی شدہ ہے اور میں پیسوں کی خاطر اس کی دوسری بیوی بن گئی ہوں۔
لائبہ خان کے مطابق یہ بھی کہا گیا تھا کہ میں نے شادی شدہ شخص سے چھپ کر شادی کی ہے۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ اس جھوٹی خبر کے پھیلنے کے بعد میرے والد کے دوستوں نے انہیں میسجز کیے اور میری شادی سے متعلق سوالات کرنے لگے جس سے والد پریشان ہوگئے تھے پھر انہیں بتایا گیا کہ یہ خبر جھوٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے والد کو سمجھایا کہ آپ میری شادی سے متعلق جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں، شوبز انڈسٹری میں ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ لائبہ خان نے بہت کم عرصے میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت انڈسٹری میں اپنا نام بنایا ہے، وہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کیسی تیری خود غرضی‘ میں بھی درفشاں سلیم کی چھوٹی بہن کا کردار ادا کرچکی ہیں۔