خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں ٹریفک پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس موبائل انچارج عمران سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی میں آگ لگ گئی، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
چند روز قبل لکی مروت میں تھانہ صدر کی حدود میں دہشتگردوں نے پولیس اہلکار رفیع اللہ کے گھر پر بم سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں گھر کا حصہ زمین بوس ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں تھانہ ڈڈیوالہ پر دہشت گروں کا حملہ ناکام
پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے پولیس اہلکار کے گھر کے دو کمروں کو آئی ڈی بم سے اڑا دیا، دھماکے سے 2 کمرے زمین بوس جبکہ دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جلد ہی حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
اس سے ایک روز قبل لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی حدود میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔
خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں حالیہ عرصے کے دوران سکیورٹی فورسز کو دہشتگرد حملوں کا سامنا رہا ہے جس کے پیشِ نظر متعلقہ اضلاع میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔