بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

درگاہ لعل شہبازقلندر دھماکہ، ابتدائی تحقیقات مکمل

اشتہار

حیرت انگیز

سیہون: درگاہ لعل شہبازقلندر دھماکے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ خودکش حملہ آور گولڈن گیٹ سے داخل ہوا اور مزار کی دوسری طرف خود کو دھماکے سے اڑایا۔

تفصیلات کے مطابق درگاہ لعل شہبازقلندر دھماکے کی ابتدائی تحقیقات تیار کرلی گئی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ خودکش حملہ آور گولڈن گیٹ سے داخل ہوا، جس وقت دھماکا ہوا اس وقت بجلی نہیں تھی، درگاہ میں پونے 7بجےبجلی چلی جاتی ہے، ممکنہ طور پر حملہ آور اسی وقت داخل ہوا جب بجلی نہیں تھی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور برقعہ پہن کر داخل ہوا تو لیڈی سرچر موجود نہیں تھیں، مبینہ خودکش حملہ آور راہداری سے ہوتا ہوا مزار میں داخل ہوا اور مزار کی دوسری طرف خود کو دھماکے سے اڑایا، دھماکا شام 6بج کر55 کے قریب ہوا۔

اس سے قبل سہون شریف خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کی گئی، انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات میں بمبار مرد لگتا ہے، تفتیشی ٹیم سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہی ہے۔


مزید پڑھیں : سیہون دھماکہ: شواہد اکٹھے کر لیے گئے، ابتدائی رپورٹ تیار


سیہون شریف میں خودکش حملے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کئے، انچارج سی ٹی ڈی راجاعمرخطاب نےبتایا ابتدائی تحقیقات میں خودکش بمبار مرد لگتا ہے۔

راجاعمر خطاب کا کہنا تھا کہ دھماکے میں آٹھ سے دس کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا، جمعرات کو مزار زائرین سے کھچا کھچ بھرا تھا، قلندر کے دیوانے دھمال ڈالنے میں مگن تھے کہ اچانک خوفناک دھماکہ ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر خوفناک خودکش دھماکے میں 75 افراد شہید اور 150 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق افراد میں 20 بچے، 9 خواتین، 45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں