چلاس: گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ بند ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہ قراقرم پر واقع قصبے چلاس میں رات گئے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے گونر فارم گھندلو کے مقام پر شاہراہ بند ہو گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی، جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلومیٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔
خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں 5.6 شدت کا زلزلہ
ادھر بالائی علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، اسکردو فریز ہو گیا ہے، پارا منفی 28 تک گر گیا، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند، موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، بلوچستان میں بھی برفیلی ہواؤں کا گشت ہے، کوئٹہ سے ہوائیں کراچی آنے پر شہر میں سردی بڑھنے لگی ہے۔
ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ اسکردو میں سردی نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، جھیلیں، آبشار، ندی نالے جم گئے ہیں، کوئٹہ منفی 2، قلات منفی 5، زیارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، خون جما دینے والی سردی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔