ممبئی: عشا کی اذان ہوتے ہی شہر کے کئی لوگ بلاتفریق مذہب گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کا رخ کرتے ہیں، اور اس کا سبب وہاں سے جاری سبزیوں پر مشتمل کھانے کا لنگرِ رسول ﷺ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی کے علاقے گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کی انتظامیہ رواں سال مارچ سے شہر کے ضرورت مندوں کے لیے لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام کررہے ہیں۔
مسجد کی انتظامیہ سے وابستہ امین ڈبا والا کاکہنا ہے کہ سبزیوں پر مشتمل کھانا فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کے بھی مذہبی عقائد اور عزتِ نفس کو ٹھیس نہ پہنچے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندو مسلم سب آتے ہیں اور ہم بلاتفریق مذہب سب کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ کھانےمیں دو روز سبزی کا پلاؤ ہوتا ہے جبکہ باقی دن چاولوں سے بنی کھچڑی فراہم کی جاتی ہے۔
ایک اور ٹرسٹی محمد اسلم عبد الستار کا کہنا ہے کہ ان کا یہ سلسلہ انتہائی کامیابی سے جاری ہے اور اسے لوگوں میں پذیرائی مل رہی ہے، کوئی ہمیں فنڈ دے جاتا ہے ، کوئی چاول، سبزیاں یا تیل فراہم کردیتا ہے اور یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اگر ایک سال تک ہمیں مزید فنڈ نہ ملیں تب بھی ہم یہ سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔
مسجد انتظامیہ کےمطابق اس لنگر سے بلاتفریق مذہب تمام لوگوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے، یہ کھانا روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے نو بجے کے درمیان تقسیم ہوتا ہے اور اس مقصد کے لیے مسجد سے متصل عید گاہ میدان کا استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسجد انتظامیہ نے یہ سلسلہ روزانہ سو افراد کو کھانا فراہم سے کرانے سے شروع کیا تھا اور اب وہ روزانہ دو سو افراد کو کھانا فراہم کررہے ہیں، مستقبل میں ان کا ارادہ اس سلسلے کو روزانہ چار سو افراد تک لے جانے کا ہے۔