کراچی : لاپتہ ارکان کی بازیابی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے سندھ اسمبلی میں ہنگامہ مچادیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے آفتاب احمد کے انتقال پر تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا,اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا.
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی نے رواں سال کے اجلاس کے سو دن مکمل کرلئے، اس موقع پر اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر شور شرابے کا شکار ہوگیا۔
لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لئے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے بھرپور احتجاج کیا، لاپتہ کارکنان اور منتخب نمائندوں کو ہراساں کرنے پر ایم کیو ایم ارکان نے ا سپیکر کے ڈائس کے سامنے نعرے لگائے اور شدید احتجا ج کیا۔
ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ ہمارے سیکڑوں کارکنان کو لاپتہ کیا گیا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ لوگوں کا رویه درست نہیں ، کل بھی آپ نے یہی رویہ اختیار کیا تھا۔ بعد ازاں اسپیکر آغا سراج درانی نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ اظہارالحسن نے ڈاکٹرفاروق ستارکے کو آرڈینیٹرآفتاب احمد کے انتقال پرتحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔
خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے سو دنوں پر خوش ہونے والوں کو سو پاکستانیوں کی گمشدگی کا علم تک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنی ذمہ داری اٹھا نہیں سکتے تو کراچی کی کپتانی چھوڑدیں۔