اسٹاک ہوم : دنیا میں اسلحے کا سب سے بڑا تاجر کون سا ملک ہے اس حوالے سے سوئیڈن کے تحقیقی ادارے نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں مختلف ممالک کے اسلحے کی خریداری سے متعلق اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔
سویڈن کے تحقیقی ادارے کے مطابق اس وقت امریکہ دنیا میں اسلحے کا سب سے بڑا تاجر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ برس کے دوران امریکہ کی برآمدات میں 37 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ روس اور چین کی اسلحہ برآمدات میں کمی ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں سب سے زیادہ اسلحہ خریدا جاتا ہے اور سعودی عرب اس خطے میں اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اسلحہ کی عالمی منڈی میں امریکہ اب بھی سب سے بڑا تاجر ہے۔ گذشتہ پانچ برس کے دوران اسلحہ کی عالمی منڈی میں امریکہ کی برآمدات میں 37 فیصد تک اضافہ ہوا۔
امریکی ہتھیاروں کی برآمدات کا 47 فیصد مشرق وسطی کے ممالک کو کیا گیا، سعودی عرب نے امریکی اسلحے کی کل برآمدات کا 24 فیصد اسلحہ خریدا۔ امریکہ اب 96 ریاستوں کو اسلحہ سپلائی کر رہا ہے۔
فرانس کے بڑے ہتھیاروں کی برآمدات میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جرمنی کی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ اسرائیل اور جنوبی کوریا دونوں نے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔
ایس آئی پی آر آئی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں گذشتہ پانچ برس کے مقابلے میں 25 فیصد اسلحہ زیادہ درآمد کیا گیا۔ سب سے زیادہ 61 فیصد اضافہ سعودی عرب کی درآمدات میں ہوا۔
اس کے علاوہ مصر کی اسلحہ درآمدات میں 136 فیصد اور قطر کی درآمدات میں 361 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق روس سے اسلحے کی برآمد میں 22 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، چین جو اسلحے کی برآمدات میں دنیا کا پانچواں سب سے بڑا ملک ہے، اس کی برآمدات میں 7.8 فیصد کمی آئی ہے۔