دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا قیمتی پتھر نیلم سری لنکا میں ایک گھر کے صحن سے دریافت ہوا ہے جس کا وزن 510 کلو گرام ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے حکام کا کہنا ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا نیلم سری لنکا کے ایک گھر کے صحن میں دریافت کر لیا گیا ہے، جواہرات کے ایک تاجر نے بتایا کہ یہ بہت بڑا نیلم اس وقت کچھ مزدوروں کو ملا جب وہ ان کے صحن میں کنواں کھود رہے تھے۔
یہ واقعہ سری لنکا کے علاقے رتنا پورہ کا ہے اور جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے اس علاقے میں جواہرات بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیش قیمتی پتھر کا وزن 510 کلو ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس کی قیمت سو ملین ڈالر ہوگی اس کا نام سیرنڈپیٹی رکھا گیا یعنی قسمت سے ملنے والا نیلم۔
سری لنکا کے افسران کا کہنا ہے کہ زیورات کے ایک تاجر ڈاکٹر گماگے کے گھر کے پیچھے کنوئیں کی کھدائی کا کام چل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک بڑا سا نیلم دکھائی پڑا۔ 25 لاکھ کیریٹ کے اس نیلم کا وزن تقریباً 510 کلو گرام ہے۔
ڈاکٹر گماگے کے مطابق ان کے گھر میں کنوئیں کی کھدائی کے دوران مزدوروں کو یہ نیلم ملا جس کے بعد انہوں نے اسے کنوئیں سے باہر نکلوایا۔
مشہور ماہر جواہرات ڈاکٹر جیمنی جوئسا نے کہا کہ ’’میں نے اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا، یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔‘‘ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سری لنکا کی صنعت جواہرات کے لیے یہ نیلم ’آبِ حیات‘ کا کام کر سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس وبا اور لاک ڈاؤن کے سبب گزشتہ سال سے اب تک یہاں کی صنعت جواہرات کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
نیشنل جیم اینڈ جیولری اتھارٹی آف سری لنکا کے چیف تلک ویرسنگھے کا کہنا ہے کہ ’’یہاں ملا یہ نیلم بے حد خاص ہے۔ شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا نیلم ہے اور اس کی قیمت و سائز دیکھ کر ہمیں لگتا ہے کہ یہ بین الاقوامی ماہرین اور میوزیم کی توجہ واپس سری لنکا کی جانب کھینچے گا۔‘‘
اس صنعت سے جڑے لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہاں دریافت کردہ نیلم ایک بار پھر بین الاقوامی خریداروں کو سری لنکائی صنعت جواہرات کی طرف متوجہ کرنے کا کام کرے گا۔