بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

مذموم مقاصد کے لیے بنائی گئی پینٹاگون کی ایک بڑی خفیہ فوج کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: امریکا کے ہفتہ وار میگزین نیوز ویک نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پینٹاگون نے مذموم کارروائیوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خفیہ فوج تشکیل دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پینٹاگون نے گزشتہ 10 برسوں میں دنیا کی سب سے بڑی خفیہ فوج تشکیل دی ہے، جس نے بہت ساری مذموم کارروائیاں کیں، نیوز ویک کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کی مذمت خود امریکا کو بھی متعدد مرتبہ کرنی پڑی۔

پینٹاگون کی بنائی اس خفیہ فوج کے حوالے سے ہفتہ وار میگزین نے ’ملٹری کی خفیہ جاسوس فوج کی اندرونی کہانی‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی، جس میں کہا گیا ہے کہ 2 سال کی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اس خفیہ فوج سے اب تقریباً 60 ہزار افراد تعلق رکھتے ہیں۔

- Advertisement -

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس خفیہ فوج کے اکثر لوگ اپنی شناخت چھپاتے ہیں، اور کسی کی نظر میں آئے بغیر کام کرتے ہیں، اور یہ سب ایک بڑے پروگرام ’سگنیچر ریڈکشن‘ کا حصہ ہیں۔

یہ فوج سی آئی اے کے خفیہ عناصر کے حجم سے بھی 10 گنا بڑی ہے، اور یہ نہ صرف ملک کے اندر بلکہ ملک سے باہر بھی کارروائیاں کرتی ہے، نہ صرف فوجی وردی میں بلکہ سادہ لباس میں بھی، جب کہ حقیقی زندگی میں یا آن لائن یہ لوگ کبھی خود کو نجی کاروبار اور مشاورتی ایجنسیوں میں چھپاتے ہیں اور چند نے گھریلو کمپنیاں قائم کی ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خفیہ فوج میں دیگر کے علاوہ کارروائی کرنے والی خصوصی فوج اور فوجی انٹیلی جنس ماہرین بھی شامل ہیں، جنھوں نے کچھ خطوں میں فون ریکارڈ کرنے کی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر ساز باز کرنے جیسی عوام کے علم میں موجود کارروائیاں کی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس خفیہ دنیا کی دو سالہ تحقیقات اور بہت سارے انٹرویوز کے بعد جو منظر سامنے آیا وہ یہ ہے کہ یہ ایک مکمل بے ضابطہ سرگرمی ہے، اس پروگرام کا مجموعی حجم بھی کسی کو معلوم نہیں، نہ ہی اس خفیہ فوج کے فوجی پالیسیوں پر اثرات کو جانچا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کانگریس نے کبھی اس موضوع پر سماعت منعقد نہیں کی، حالاں کہ یہ امریکی قوانین، جنیوا کنونشنز، فوجی طرز عمل کے ضابطے اور بنیادی احتساب کو چیلنج کرتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں