لاڑکانہ: سینٹرل جیل میں گذشتہ چار روز سے کٹنے والی بجلی اور شدید گرمی کے باعث ایک قیدی جاں بحق جبکہ 5 کو شدید تشویشناک حالت میں جیل وارڈ کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیپکو اتنظامیہ نے دو کروڑ 75 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر چار روز قبل سینٹرل جیل کی بجلی منقطع کردی گئی تھی جس کے بعد جیل انتظامیہ نے سیپکو حکام سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا مگر جیل کی بجلی بحال کروانے میں ناکامی کا سامنا رہا۔
سیپکو حکام نے جیل انتظامیہ کو واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی جائے گی بجلی بحال نہیں کی گئی، جس کے باعث آج شدید گرمی کی وجہ سے 6 قیدیوں کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں طبی امداد کے لئے سینٹرل جیل کے اسپتال میں داخل کروایا گیا، اسپتال منتقل ہونے والے قیدیوں میں سے 55 سالہ یوسف سومرو چانڈ نامی شخص اسپتال منتقل ہونے سے قبل راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا قیدی قتل کے مقدمے میں سزایافتہ تھا، جیل ذرائع کے مطابق بجلی منقطع ہونے سے گرمی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 650 قیدیوں کی گنجائش والے اس جیل میں 951 قیدی موجود ہیں۔
اے آر وائی خبر نشر ہونے کے بعد سیپکو چیف نے جیل حکام سے رابطہ کر کے بجلی کی جلد بحالی کے لیے یقین دہانی کروا دی ہے جبکہ وزیرداخلہ سندھ سہیل انوز سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔