لاڑکانہ میں بہن کو مارپیٹ کرنے والے بہنوئی کو سبق سکھانے کے لیے ماموں نے 6 ماہ کے بچے کو تشدد کا نشانہ بنادیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاڑکانہ میں بہنوئی کو سبق سکھانے کے لیے نوجوان خود ظالم بن گیا، بہنوئی کی جانب سے گھر سے نکالے جانے پر گھر آئی بہن کے 6 ماہ کے ماہ کے معصوم بیٹے کے منہ میں ہری مرچ ڈالتے ہوئے تشدد کرنے کی وڈیو بنا دی۔
معصوم بچے کے منہ میں مرچ ڈال کر تشدد کی وڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی سٹی کو بچے کے ماموں ملزم شکیل احمد کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں جس پر پولیس شکیل احمد کی گرفتاری کے لیے روانہ ہو چکی ہے۔
ملزم شکیل احمد نے بھانجے کے منہ میں مرچ ڈال کر وڈیو بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وڈیو بہن کے ساتھ مار پیٹ کرنے والے بہنوئی کو سبق سکھانے کے لئے بنائی ان سے زیادہ تکلیف اسے ہوئی ہے، بہنوئی کو احساس ہونا چاہیے کسی کے بہن کے ساتھ ظلم کرو تو کیسا لگتا ہے۔
ماموں کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل بہن کی شادی کراچی کے رہائشی محمد وارث میرانی سے کروائی تھی، 14 ماہ میں بہنوئی نے 3 مرتبہ بہن کو مارا پیٹا اور گھر سے نکالا پھر خود ہی لوگ بھیج کر معافی تلافی کرتا ہے، اس مرتبہ پھر بہنوئی نے بہن کو گھر سے نکال دیا ہے بہنوئی کا ذہنی توازن خراب ہے۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ نواحی علاقے میں بچے پر تشدد کرنے والا ایک ملزم گرفتار کرلیا، ملزم بچے کا نانا ہے، ماموں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔