اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

دس سال میں پی آئی اے کے خسارے میں 287 ارب 76کروڑ روپے اضافہ ہوا، رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پی آئی اے کی دس سالہ آڈٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ، جس کے مطابق دس سال میں پی آئی اے کے خسارے میں دو سو ستاسی ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ 2008 میں یہ خسارہ باہتر ارب پینتیس کروڑ تھا، جو 2017 میں بڑھ کر 360 ارب11 کروڑ تک پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پی آئی اے کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں پی آئی اے کے 10سال کے خصوصی آڈٹ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ500 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں 10سال میں ہونے والے نقصانات اور وجوہات کا تعین کیا گیا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق دس سال میں پی آئی اے کے خسارے میں دو سو ستاسی ارب روپے کا اضافہ ہوا ، 2008 میں 72.353بلین روپے کا خسارہ تھا جو 2017 میں بڑھ کر 360.117بلین پر پہنچ گیا۔

رپورٹ میں پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی نا اہلی کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نااہلیوں کے باعث 31 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ پی آئی اے کو تمام روٹس اور اسٹیشنز پر نقصانات اٹھانا پڑتے ہیں۔

آڈٹ رپورٹ میں پی آئی اے خسارے کی وجہ پروفیشنل و تجربہ کار لیڈر شپ کی کمی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سفارشات بھی پیش کی گئی ہے ، جن میں کہا گیا ہے کہ ہوا بازی پالیسی و بین الاقوامی ائیر لائنز سے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے ، مؤثر اور کارآمد بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دی جائے۔

آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم ڈیز اور سی ای اوز کی تعیناتی میرٹ پر کی جائے، تقرریاں، تعیناتیاں اور پوسٹنگ میرٹ پر کی جائے اور پی آئی اے میں حکومت کی غیر ضروری مداخلت روکی جائے۔

سپریم کورٹ نے پی آئی اے سے رپورٹ پر ایک ماہ میں جواب طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب جسٹس یحیی آفریدی نے سماعت سے معذرت کرلی، کیس ایسے بینچ میں مقررکیا جائے جسٹس یحیی آفریدی جس کا حصہ نہ ہوں۔

مزید پڑھیں : سپریم کورٹ کا پی آئی اے کا 10سالہ آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم

یاد رہے جون 2018 میں سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے 10سالہ آڈٹ کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ گزشتہ 10برس میں کتنا نقصان ہوا ہے؟ پی آئی اے کا کل خسارہ 360 ارب روپے ہے ، گزشتہ 10سال میں 280 ارب کا نقصان ہوا، نقصان کی وجہ بھی ہوگی اور اس کا کوئی ذمہ دار بھی ہوگا

خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کا خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،11ماہ کے دوران قومی ائیرلائن کو 54ارب22کروڑروپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں