پورٹ آف اسپین : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کیلئے 125 رنز کا ہدف دے دیا، کالی آندھی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز اسکور کیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جارہے سیریزکے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے اس میچ میں بولرز نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کا مظاہر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا۔
پاکستان ٹیم کی تباہ کن بولنگ نے ویسٹ انڈیز کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بڑے ہدف سے روک دیا۔ میزبان ٹیم آٹھ وکٹوں پر ایک سو چوبیس رنز بناسکی۔
ویسٹ انڈیز کے اوپنر ایون لیوس صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، نمایاں بلے بازوں چاڈوک والٹن نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کپتان بریتھویٹ نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ بیس اوورز میں 124 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم، وہاب ریاض اور رومان رئیس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد سات اپریل سے دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچ کھیلیں گی جس کے بعد 22 اپریل سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔