لاہور : پیپلزپارٹی کےرہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے اپوزیشن خطرات کی آڑمیں حکومت کومزیدوقت نہیں دے گی، ملک کوکوئی حقیقی خطرہ در پیش نہیں، کوئی خطرہ ہوا تو عوام اور اپوزیشن افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کےرہنما سردارلطیف کھوسہ نے حکومت کو مہلت دینے کے امکانات مسترد کرتے ہوئے کہا ملک میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کاجینا محال کردیاہے، خطرات کی آڑمیں اپوزیشن حکومت کو مزید وقت نہیں دےگی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا تحریک انصاف کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، حکومت چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے، ملک کو کوئی حقیقی خطرہ درپیش نہیں۔
پی پی رہنما نے کہا ایٹمی اورمیزائل پروگرام ملک کومحفوظ بناچکے ہیں، توقع ہے بھارت کوئی حماقت نہیں کرے گا، کوئی خطرہ ہوا تو عوام اوراپوزیشن افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
مزید پڑھیں : حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ہوگی، بلاول بھٹو زرداری
گذشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، عوام ریلیف چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے پورے ہوں، اگر عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو پھر پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا میں خوش ہوں کہ عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں اور یہاں آکر جلسے کر رہے ہیں، عمران خان سندھ آئیں اور بار بار آئیں لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں، وزیراعظم یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں۔