اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ ’بلا‘ لیے جانے پر خوش نہ ہوں کل ’شیر‘ اور ’تیر‘ کی باری بھی آسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں رہنما لطین کھوسہ نے کہا کہ ایک طرف سابق وزیر اعظم کو ہائیکورٹ سے تشدد کر کے گرفتار کیا جاتا ہے، دوسری طرف نواز شریف کا بائیو میٹرک ایئرپورٹ پر ہوتا ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا ہوا ہے، بلا لیے جانے پر خوش نہ ہوں کل شیر اور تیر کی باری بھی آسکتی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو صاف شفاف الیکشن ہونے دیں، یہاں لوگ کم پڑھے لکھے ہیں وہ نشان کو دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں، جب آپ نشان ہٹاتے ہیں تو لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تاحیات نااہل ہونے کے باوجود انکے کاغذات منظور کئے گئے کیسے؟ لندن پلان کے مطابق فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ بادشاہ سلامت کو چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے، چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے تو پھر ملکی معیشت ڈوبے گی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی طرح آپ نے اسے اہلیت دینی ہے تو آئینی ترمیم کرنی ہوگی، بادشاہ سلامت کو وزیر اعظم بنانا ہے تو قوم کو کیوں قرب میں ڈال رہے ہیں۔