ریاض: سعودی حکومت نے مملکت میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے 18 ارب ڈالر کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم سی آئی ٹی) نے مملکت بھر میں بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز نیٹ ورک تعمیر کرنے کے لیے 18ارب ڈالر کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا بھی تعاون ہے، سعودی عرب وژن 2030 کے تحت آنے والے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرکے ہائپر اسکیل کولوکیشن کپیسٹی ڈیٹا سینٹرز میں اضافہ کرنا چاہتا ہے، ڈیجیٹل دنیا میں کلاوڈ سروس فراہم کرنے والے گیمنگ پبلشرز، وڈیو سٹریمنگ سروس آپریٹرز اور کانٹینٹ ڈلیوری نیٹ ورک (سی ڈی این) آپریٹرز کی خدمات کو مقامی بنانا بھی مقصود ہے۔
سعودی وزارت مواصلات کا کہنا ہے کہ مشن کے تحت ایمیزون اور گوگل جیسی عالمی ہیوی ویٹ کمپنیوں اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کرنے اور خدمات کو مقامی بنانے کے خواہشمندوں سے بات چیت کی جائے گی، اس کا مقصد 2030 تک مجموعی طور پر 18 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
ادھر گلف ڈیٹا حب کے سی ای او طارق الاشرم نے بتایا کہ وڈیو اسٹریمنگ خدمات کی مانگ میں اضافہ سعودی عرب میں مزید ڈیٹا مراکز کی تعمیرکا اہم محرک رہا ہے، صارفین تفریح کے آن لائن مواقع چاہتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کے باعث کمپنیوں کیلیے اپنے پراسس کو ڈیجیٹل بنانے اور کلاوڈ پر مبنی خدمات قبول کرنے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب کی متعلقہ کمپنی نے دسمبر میں ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں ایک ارب ریال مالیت کی سرمایہ کاری کے ساتھ تین میگا ڈیٹا سینٹرز شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔