ابوظبی : اماراتی مریخ مشن کی لانچنگ غیرموزوں موسمی صورتحال کی بناء پر ایک مرتبہ پھر موخر کردی گئی، نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پہلا مریخ مشن اس سے قبل موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کیا گیا تھا، یہ عرب دنیا کا بھی پہلا خلائی مشن تھا۔
اماراتی حکام نے مریخ مشن 15 جولائی کی شب 12 بجے لانچ کرنا تھا جسے موخر کرکے 17 جولائی کردیا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کی خلائی ایجنسی اور محمد بن راشد خلائی مرکز کا کہنا ہے کہ ہوپ پروب مریخ مشن کی روانگی سے متعلق نئی تاریخ کا اعلان متسوبشی ہیوی انڈسٹریز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اماراتی خلائی مشن مریخ کا موسم دریافت کرنے اور آئندہ 100 برس کے دوران وہاں انسانی بستی بسانے سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
خلائی مشن جاپان کے خلائی سینٹر ٹینگا شیما سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والا تھا، اس کا حجم فور وہیل گاڑی جتنا ہے اور وزن 1350 کلو گرام ہے۔ اسے پائلٹ کے بغیر خود کار سسٹم کے تحت کنٹرول کیا جائے گا۔
مشن سال بھر مریخ کے بدلتے ہوئے موسموں کی مکمل تصویر لے گا، خلائی مشن پر ریڈ ایکسرے سسٹم نصب ہے۔ یہ مریخ کے زیریں فضائی غلاف کی پیمائش کرے گا اور درجہ حرارت کا تجزیہ کرے گا۔
خلائی مشن میں انتہائی حساس کیمرہ نصب کیا گیا ہے، یہ اوزون کے حوالے سے دقیق ترین معلومات حاصل کرے گا جبکہ 43 ہزار کلو میٹر تک کی مسافت کے فاصلے سے آکسیجن اور ہائیڈروجن کی مقدار ناپنے والا آلہ بھی مشن میں نصب کیا گیا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق مریخ مشن بھیجنے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔