تازہ ترین

نئے آئی فونز کی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی لانچنگ کی تاریخ کا اعلان کردیا، ایپل کی جانب سے پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز پیش کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 12 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا ہے۔ ایپل نے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کیے ہیں جو 13 اکتوبر کو منعقد ہوگا جس کی ٹیگ لائن ہائی اسپیڈ رکھی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ان ڈیوائسز کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا مگر مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز پیش کیے جائیں گے۔

ان میں آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس شامل ہوں گے۔ ہر آئی فون دوسرے سے کسی حد تک مختلف ہوگا۔

ان میں سے آئی فون منی 5.4 ان ڈسپلے کے ساتھ ہوگا، آئی فون 12 اور آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ اسکرین موجود ہوگی۔ اس طرح یہ ڈسپلے کے لحاظ سے ایپل کا اب تک کا سب سے بڑا آئی فون بھی ہوگا۔

ان میں کمپنی کا نیا اے 14 بائیونک پراسیسر ہوگا جبکہ آئی او ایس 14 آپریٹنگ سسٹم دیا جائے گا۔

اس سال پہلی بار ایپل کی جانب سے ایک یا 2 آئی فونز میں 5 جی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی جس کا عندیہ ٹیگ لائن سے بھی ملتا ہے۔

گزشتہ ہفتے اس سیریز کے فونز کی قیمتیں بھی سامنے آگئی تھیں۔ آئی فون 12 منی 649 ڈالرز (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 پرو 999 ڈالرز (ایک لاکھ 64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 پرو میکس 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) قیمت کا ہوگا۔

Comments

- Advertisement -