ہفتہ, جون 7, 2025
اشتہار

قانون پسند بیوہ ماں مفرور بیٹے کو لے کر ملیرجیل پہنچ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ملیر جیل سے گزشتہ شب فرار ہونے والا قیدی جب گھر پہنچا تو قانون پسند بیوہ ماں بیٹے کو  لے کر واپس جیل پہنچ گئی۔

پیٹ میں کھانا نہیں، جیب میں کرایہ نہیں، قانون پسند بیوہ خاتون دو گھنٹے پیدل چل کر ملیر جیل سے فرار ہونے والے اپنے بیٹے کو جیل حکام کے حوالے کرنے پہنچ گئی۔

عبداللہ گوٹھ کی بیوہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا غلام حسین 3 بجے گھر پہنچا اور بتایا کہ جیل سے بھاگ کر آیا ہوں تو میں 5بجے بیٹے کو لے کر واپس جیل پہنچ گئی۔

بیوہ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا بیٹا غلام حسین بے گناہ ہے، صرف موبائل فون میں دوست کے ساتھ تصویر کے باعث چھ ماہ سے چوری کے جرم میں قید کاٹ رہا ہے۔

دوسری جانب جیل میں موجود اور پکڑے جانے والے قیدیوں نے بتایا کہ جیسے ہی جیل کے دروازے کھلے سب نے کہا بھاگو، ہم بھاگنے لگے پھر بیرک میں چلے گئے۔

ایک قیدی کا کہنا تھا کہ ایک بوڑھے قیدی نے میرا ہاتھ پکڑ کہا کہ بھاگو، دروازے کھولنے کے لئے بڑے لڑکوں نے زور لگایا، ہم برآمدے میں سو رہے تھے، ایک قیدی نے بتایا کہ وہ برف خانے کی جانب سے جیل سے بھاگا تھا پھر پکڑا گیا۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی جاوید اوڈھو کہتے ہیں کہ ملیرجیل کی صورتحال اب قابو میں ہے، ایک بجے کے قریب جیل میں کچھ مسائل پیدا ہوئے، کچھ لوگوں نے گیٹ سے نکلنے کی کوشش کی تھی۔

ایس ایس پی ملیر نے آکر قیدیوں کو اندر دھکیلا اور زیادہ لوگوں کو بھاگنے کا موقع نہیں مل سکا، قیدی سب اپنے اپنے بیرکوں میں بند ہوچکے ہیں آئی جی بھی موجود ہیں قیدیوں کی گنتی کی جا رہی ہے گنتی کے بعد پتہ چلے گا کتنے قیدی فرار ہوئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں