کراچی : فیڈرل بی ایریا میں قانون نافذکرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن وسیم بیلجیئم کو گرفتار کرلیا، ملزم پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقےفیڈرل بی ایریامیں قانون نافذکرنےوالےادارے نے رات گئے چھاپہ مارا، چھاپے کےدوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم وسیم بیلجیئم کو گرفتارکر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، جسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا، ملزم وسیم سے پاکستان سے لندن رقم منتقلی سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
ملزم متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے جبکہ ملزم پر سیاسی جماعت کیلئے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ملزم وسیم بیلجیئم سے چند روز قبل ہی کراچی پہنچا تھا۔
مختلف علاقوں میں کارروائی، 6 ملزمان گرفتار
دوسری جانب کراچی میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا، ملزموں کے قبضے سے اسلحہ ،منشیات، مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
گزری پولیس نے کارروائی کے دوران دو ملزموں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزموں سے اسلحہ اور موٹرسائکل برآمد کرلیں جبکہ شاہ فیصل پولیس نے کارروائی کرکے فیصل علی اور محمد تنویر کو گرفتار کیا، گرفتار ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلیں۔
پولیس زرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف امتناعی منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر گلبرگ پولیس کی کارروائی کے دوران عدنان اور شکیل کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔