ممبئی: بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی انتہائی مطلوب دہشتگرد کی فہرست میں شامل کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشتگردی ایجنسی نے انمول بشنوئی کی گرفتاری کیلیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ انمول بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر پیش فائرنگ کرنے کے سلسلے میں پولیس کو مطلوب ہے۔
این آئی اے نے 2022 میں بشنوئی برادران سمیت نو ملزمان کے خلاف فنڈ اکٹھا کرنے، دہلی اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلیے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے علاوہ ممتاز افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی سازش کا حصہ بننے پر مقدمہ درج کیا تھا۔
انمول بشنوئی، لارنس بشنوئی اور کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ سے متعلق کیس میں نامزد ملزمان میں شامل ہیں۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے بشنوئی گینگ کے پانچ ارکان کو گرفتار کیا ہے۔
جون میں ممبئی پولیس نے سلمان خان کو پنویل کے قریب ان کے فارم ہاؤس پر نشانہ بنانے کی سازش کا پردہ فاش کیا تھا۔
یاد رہے کہ بابا صدیقی قتل کیس میں بھی انمول کا نام سامنے آیا تھا۔ 66 سالہ سیاستدان کو 12 اکتوبر کی شام ممبئی کے علاقے باندرہ میں سڑک پر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔