اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کل سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو خصوصی عدالت میں پیش کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری استدعاپر چیئرمین تحریک اںصاف کی سزا معطل ہوگئی ہے، چھ روز پہلے ایک بات چلائی گئی کہ سائفر کے معاملے پر ان کی گرفتاری ہوگئی ہے۔
نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ قانون کہتا ہے چوبیس گھنٹے میں اس بندے کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنا ہے، اگر چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پرانی ہوئی توغیر قانونی ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ سائفرکیس میں جوڈیشل ریمانڈ کی وجہ سے آج رہائی ممکن نظر نہیں آرہی ، ایف آئی اے کل سائفرکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو خصوصی عدالت میں پیش کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ پر تنقید قانونی اور آئینی طورپر جرم ہے ، عدلیہ پر تنقید لوگوں کا اعتبار اٹھانے کے مترادف ہے۔